کارگو ٹرانسپوٹ کی خلاف ورزیوں پر 6 نئے جرمانے
سلامتی کے مطلوبہ تقاضے پورے نہ کرنے پر بھی جرمانہ کیا جائے گا ( فوٹو عاجل)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے کارگو ٹرانسپورٹ کی خلاف ورزیوں کا چارٹ جاری کیا ہے۔ چھ نئے جرمانے شامل ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ’ بغیراضافی پرمٹ کے خطرناک سامان منتقل کرنے پر جرمانہ 5 ہزار ریال ہے‘۔
’یہی جرمانہ خطرناک سامان کی منتقلی کا پرمٹ رکھنے والے اس شخص بھی لاگو ہوگا جو اتھارٹی کے مقرر کردہ کسی ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا‘۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ اگر کسی شخص نے پرائیویٹ کارگو گاڑی مقررہ کام کے سوا کسی اور کام میں استعمال کی تو اس پر بھی 5 ہزار ریال کا جرمانہ ہو گا‘۔
’یہ جرمانہ اس صورت میں کم کرکے تین ہزار کردیا جائے گا جب گاڑی کے مالک کے پاس سامان منتقل کرنے کا آپریشنل کارڈ ہوگا‘۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق ’اگر پرائیویٹ کارگو گاڑی کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہیں ہوں گی تو ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ اسی طرح سلامتی کے مطلوبہ تقاضے پورے نہ کرنے پر بھی ایک ہزار ریال کا جرمانہ کیا جائے گا‘۔