چمن... پاک، افغان سرحد پر کشیدگی برقرار ہے۔ چمن اور طورخم بارڈر اتوار کو تیسرے دن بھی بند ہے۔ تجارتی سرگرمیاں اور نیٹو سپلائی معطل رہی۔ سرحدی علاقوں سے انخلا کرنے والے افراد کیلئے پرانے چمن میں خیمہ بستی قائم کردی گئی۔سرحد کے دونوں اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے ۔ فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں سرحدی حد بندی کے لئے پاک،افغان حکام کا اجلاس متوقع ہے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں ان علاقوں کی ملکیت کے دعویدار ہیں۔ واضح رہے کہ افغان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔فائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی اہلکاروں سمیت 11 پاکستانی جاں بحق جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔