امریکی مالک مکان کی سعودی طالبعلم سے بدسلوکی، پستول تان لیا
پولیس نے رپورٹ پر امریکی کو گرفتار کیا بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا( فائل فوٹو ٹوئٹر)
امریکی ریاست ٹیکساس کے ڈینٹن شہر میں امریکی شہری نے سعودی طالبعلم سے بدسلوکی کی، اسے دھمکایا اور پستول تان لیا۔
پولیس نے رپورٹ ہونے پر سعودی طالبعلم کو دھمکانے والے امریکی کو گرفتار کیا بعد ازاں ضمانت پر رہا کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکن یونیورسٹی روکفورڈ میں زیرتعلیم سعودی نوجوان نے تین ماہ کےلیے کمرہ کرایے پر حاصل کیا تھا۔ سعودی نوجوان اکنامکس میں گریجویشن کے بعد ماسٹرز کا طالب علم ہے۔
کمرے کے مالک امریکی نے سعودی طالبعلم سے کچن استعمال کرنے کے لیے اضافی رقم طلب کی۔ انکار پر اسے کمرے سے نکالنے کی دھمکی دی اور پستول تان لیا۔ کرایے کے معاہدے میں کچن کا استعمال شامل تھا تاہم امریکی نے الگ سے رقم کا مطالبہ کیا اوراسے دھمکانے لگا۔
امریکی مالک مکان نے کرایہ واپس کیے بغیر سعودی طالبعلم کو کمرے سے نکال دیا جبکہ معا ہدے کے تحت اسے تین ماہ تک بے دخل کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔
سعودی طالبعلم نے پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے کرایہ نامہ دیکھ کرامریکی شہری پر واضح کیا کہ اسےمعاہدے کی پابندی کرنا ہوگی۔
ڈینٹن سٹی میں موجود سعودی طلبہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مقامی اخبارات نے اس کیس کی درست کوریج نہیں کی۔
سوشل میڈیا اورذرائع ابلاغ میں واقعہ رپورٹ ہونے پرپولیس نے امریکی شہری کے خلاف کارروائی کی۔