استعفوں کا معاملہ، پی ٹی آئی کا وفد سپیکر سے ملاقات کرے گا
بدھ 28 دسمبر 2022 12:51
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پارلیمانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمانی وفد کل جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں استعفوں کی تصدیق کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے اردو نیوز کو بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں سپیکر کے ساتھ کل ملاقات کا وقت طے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی کا پارلیمانی وفد کل ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ جائے گا۔ پارلیمانی وفد سپیکر کے ساتھ ملاقات میں استعفوں کی تصدیق کے طریقہ کار طے کرے گا۔‘
عامر ڈوگر کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف نے شاہ محمود کو لکھے گئے خط میں 6 سے 10 جنوری کے درمیان استعفوں کی تصدیق کے لیے ارکان پارلیمنٹ کو طلب کیا ہے۔’استعفوں کی تصدیق کے لیے سپیکر کے سامنے پیش ہونے سے قبل طریقہ کار طے کیا جائے گا۔‘
پارلیمانی وفد کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے جبکہ وفد میں اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور دیگر ارکان شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے لیے خط لکھا تھا۔
تحریک انصاف نے 28 دسمبر کو خیبر پختونخوا ہاوس میں تمام ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا تھا، تاہم وہ اجلاس اب موخر کر دیا گیا ہے۔