Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنی لائن میں رہو، یہ اسی لیے ہیں‘، مچل سٹارک کی ڈی براؤن کو تنبیہہ

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ مکمل طور پر یک طرفہ رہا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 182 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا یہ ٹیسٹ میچ مکمل طور پر یک طرفہ ہی رہا۔
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 189 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 575 رنز کا بڑا مجموعہ سکور کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 200، ایلکس کیری نے 111 اور سٹیو سمتھ نے 85 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کو پہلے 386 رنز کا خسارہ ختم کرنے کو ملا مگر جنوبی افریقی ٹیم 204 رنز ہی بنا سکی۔
میچ کے چوتھے روز کھیل کے دوران ایک دلچسپ چیز دیکھنے کو ملی کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک جنوبی افریقی بیٹر تھیونس ڈی براؤن کے کریز سے نکلنے پر غصے سے لال پیلے ہو گئے۔
ہوا کچھ یوں کہ جب مچل سٹارک گیند کروانے کے لیے آئے تو ساتھ ہی تھیونس ڈی براؤن رن لینے کے لیے کریز سے نکل پڑے۔
سٹارک انہیں ایسا کرتے دیکھ کر رُک گئے اور تنبیہہ کرنے لگے کہ اگر انہوں نے دوبارہ ایسا کیا تو وہ انہیں 'منکڈ' یعنی نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کر دیں گے۔
مچل سٹارک نے تھیونس ڈی براون کو کہا کہ ’اپنی لائن میں رہو، ایسا کرنا کوئی اتنا مشکل کام تو نہیں۔‘
32 سالہ آسٹریلوی فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’یہ لائنیں کسی وجہ سے ہیں دوست۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے مچل سٹارک نے کہا کہ ’مستقبل میں اگر کھلاڑیوں نے ڈی براؤن کی طرح کریز سے نکلنے میں جلدی کی تو وہ انہیں منکڈ کے طریقے سے آؤٹ کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔‘

گیند کرائے جانے سے قبل نان سٹرائیکر اینڈ سے نکلنے والے بیٹر کو رن آؤٹ کیا جا سکتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ کرکٹ کے قانون کے مطابق اگر نان سٹرائیکر اینڈ یعنی بولر کی طرف کھڑا ہونے والا بیٹر بولر کی جانب سے گیند کروانے سے پہلے رن لینے کے لیے کریز سے باہر نکلے تو بولر اسے آؤٹ کر سکتا ہے اور تکنیکی طور یہ رن آؤٹ ہی تصور ہوگا۔
کرکٹ کے قانون کے مطابق تو یہ رن آؤٹ بالکل اصول کے مطابق ہے لیکن کئی کھلاڑیوں سمیت مبصرین اسے ناپسند کرتے ہیں اور اسے کھیل کی اخلاقیات کے منافی سمجھتے ہیں۔

شیئر: