انڈیا پاکستان ٹیسٹ، میلبورن کرکٹ کلب کا اظہارِ دلچسپی
جمعرات 29 دسمبر 2022 11:11
میلبورن کرکٹ کلب اور آسٹریلوی حکومت نے کرکٹ آسٹریلیا(سی اے) کی جانب نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹیسٹ کی میزبانی کے حوالے سے غیر رسمی بات چیت شروع کر دی ہے۔
ویب سائٹ ’کرک انفو ‘ کے مطابق ملیبورن کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹو سٹارٹ فوکس نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران ریڈیو ’سین‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ کرکٹ آسٹریلیا سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان نیوٹرل ٹیسٹ کی میزبانی سے متعلق پوچھ رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان 2007 کے بعد سے اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہوا اور ان دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے علاوہ 2013 سے دوطرفہ کرکٹ نہیں کھیلی۔
ملیبورن کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹو سٹارٹ فوکس نے کہا کہ ’ملیبورن کرکٹ کلب ان دونوں ممالک کے درمیان میچ کی میزبانی کرنا پسند کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بالکل، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں تین ٹیسٹ میچز ہو سکتے ہیں۔ آپ یہ کسی بھی وقت کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ہم کرکٹ آسٹریلیا اور حکومت سے بات کی ہے۔ یہ ذرا پیچیدہ تو ہوگا کیونکہ شیڈول بہت مصروف ہے۔‘
’امید ہے کرکٹ آسٹریلیا اس معاملے کو آئی سی سی تک اٹھائے گا اور انہیں اس کے لیے قائل کرے گا۔‘
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ایک ترجمان نے ’کرِک انفو‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا اور پاکستان کے درمیان نیوٹرل ٹیسٹ یا ٹیسٹ سیریز کا دارومدار بی سی سی آئی اور پی سی بی پر ہے۔‘