قہوہ فروش خاتون نے وزیر افرادی قوت کو روک کر کیا کہا؟
’قہوہ فروش‘ سعودی خاتون نے ریاض ریجن کے دفتر کے دورے پر آئے وزیرافرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر الراجحی کو روک کراپنی کامیابی کی کہانی سنا دی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الراجحی عمارت کے ایک حصے سے گزر رہے تھے جہاں انہیں قہوے کی ایک دکان نظر آئی۔ انہوں نے قہوہ پینے کی خواہش ظاہر کی۔ خاتون نے ان کی ضیافت کرتے ہوئے اپنے پیشے، تجربے اور قہوے کی دنیا کے رازوں کے بارے میں تفصیل سےبہت کچھ بتایا۔
قہوہ فروش خاتون نے کہا کہ ’میرا نام فدوی عبدالمجید ہے اور پچھلے پانچ برس سے قہوے کا کاروبار کررہی ہوں۔ امریکی انٹرنیشنل کافی سوسائٹی سے ٹریننگ کورس کر رکھا ہے، انگریزی، فلپائنی اورانڈونیشی زبانوں پر عبور ہے۔ مجھے قہوہ فروخت، تیار کرنے میں لطف آتا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ میرا کامیاب مستقبل قہوے سے جڑا ہوا ہے۔‘
فدوی نے قہوے کے کاروبار سے منسلک دسیوں سعودی نوجوانوں کی کامیابی کے قصے سنائے۔ انہوں نے کہا کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ جو کام کرو وہ آپ کو پسند ہو۔‘
الراجحی نے فدوی سے مختلف کہانیاں بے حد دلچسپی سے سنیں۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ ’ہماری ذمہ داری ہے کہ آپ جیسی حوصلہ مند خواتین اور لڑکوں کا ساتھ دیں۔‘