انڈین کرکٹر رشبھ پنت گاڑی کے حادثے میں زخمی
رشبھ پنت کی گاڑی کو حادثہ تقریباً صبح ساڑھے پانچ بجے پیش آیا: فائل فوٹو اے ایف پی
انڈین کرکٹر رشبھ پنت گاڑی کے حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں اور ہسپتال میں داخل ہیں۔
کرک انفو نے رشبھ پنت کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر سُشیل ناگر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں ماتھے، کمر اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں۔
ایکس رے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کے جسم کے کسی حصے میں فریکچر نہیں ہوا جبکہ وہ اس آگ سے بھی محفوظ رہے جو حادثے کے بعد گاڑی میں بھڑک اٹھی تھی۔
حادثے کے بعد صبح چھ بجے کے قریب ان کو دہرادون کے میکس ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا معائنہ جاری ہے اور ایم آر آئی سے مزید چوٹوں اور علاج کے حوالے سے معلومات سامنے آئیں گی۔
ڈاکٹر دیشانت یاگنک کا کہنا ہے کہ ’ہم ان (رشبھ پنت) کی حالت کا جائزہ لے رہے ہیں، وہ بہتر لگ رہے ہیں اور بظاہر کسی بڑی چوٹ کے اثار دکھائی نہیں دے رہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ ہوش میں ہیں اور بات چیت کر رہے ہیں۔‘
حادثے کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ جمعے کو علی الصبح ہوا جب وہ خود گاڑی چلاتے ہوئے اترکھنڈ جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں دے دہرادون منتقل کیا گیا۔
اترکھنڈ پولیس کے سربراہ اشوک کمار کا کہنا ہے کہ رشبھ پنت کی گاڑی کو حادثہ تقریباً صبح ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔
’حادثہ محمد پور کے قریب پیش آیا، ان کو اونگھ آ گئی تھی جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔‘