Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رشبھ پنت کی ناقص ترین کپتانی، سارا موڈ خراب کر دیا‘

ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف انڈیا نے 200 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں کرکٹ کو ایک مذہب کا درجہ دیا جاتا ہے جہاں ہر ایک میچ اور کھلاڑی اہمیت رکھتا ہے۔ 
انڈیا کی کرکٹ ٹیم جب جیتتی ہے تو انڈین میڈیا سے لے کر عام آدمی تک ہر کوئی ٹیم کے گن گاتا ہے لیکن جب ہارتی ہے تو سارا ملبہ کپتان پر گرا دیا جاتا ہے۔
انڈیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کپتانی کرنے والے نوجوان کپتان رشبھ پنت اسی وجہ سے اس وقت تنقید کی زد میں ہیں۔
جمعرات کو ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ میں انڈیا کے 200 سے زائد رنز بنانے کے باوجود بری طرح ہار جانے پر انڈیا میں رشبھ پنت کے خلاف کافی غصہ ہے۔
رشبھ پنت اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موضوع بحث ہیں جہاں انڈین مداح ان پر طنز و تنقید کر رہے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ رشبھ پنت کی ناقص ترین کپتانی رہی ہے، سارا موڈ خراب کر دیا ہے۔
ایک اور ٹوئٹر صارف کاویہ شرما نے رشبھ پنت کی کرکٹ میچ کے دوران کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ کسی کو واپس آنے کا اشارہ کر رہے ہیں، اس کے ساتھ صارف نے لکھا کہ دراصل رشبھ پنت خود کو کپتانی سے واپس بلا رہے ہیں۔ 
پہلے ٹی 20 میں جہاں انڈین بولرز کی جنوبی افریقی ٹیم کے ہاتھوں خوب پٹائی ہوئی وہیں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ رشبھ پنت نے اپنے اہم ترین سپنر یزویندرا چہل سے صرف 2 اوورز کروائے۔
اسی سلسلے میں اویک نامی صارف نے لکھا کہ رشبھ پنت کی کپتانی کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ چہل کو اوورز ہی نہیں دیے۔
ٹوئٹر صارف آمرس نے لکھا رشبھ پنت کو سنجو سیمسن سے سیکھنا چاہیے کہ چہل کو کیسے استعمال کرنا ہے۔
 خیال رہے انڈیا کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت اہم کھلاڑیوں وراٹ کوہلی، جسپریت بمرا اور محمد شامی کو آرام کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

شیئر: