Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کو ’بد زبان شخص‘ کہنے پر سابق برطانوی کرکٹر تنقید کی زد میں

کامپٹن کا یہ تبصرہ انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے بعد سامنے آیا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کے سابق کرکٹر نک کامپٹن نے انڈین کپتان وراٹ کوہلی کو ’انتہائی بدزبان شخص‘ قرار دیا ہے جس پر انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔ نک کامپٹن نے انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ ، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن اور سچن ٹنڈولکر کی تعریف کی ہے۔
کامپٹن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ’کیا کوہلی سب سے بد زبان شخص نہیں ہے۔ میں 2012 میں دی گئی گالی کو کبھی نہیں بھولوں گا۔‘

ٹویٹر صارفین نے کامپٹن کے ٹویٹ پر فوری ردعمل ظاہر کیا اور کچھ ایسے واقعات کی نشاندہی کی جب انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی جانب سے گراؤنڈ میں حریف کھلاڑیوں کی تذلیل کی گئی تھی۔
ایک صارف نے لکھا ’آپ اس وقت کہاں تھے جب انڈرسن نے ایشون کی اور بٹلر نے ورنن فلنڈر کی تذلیل کی تھی۔ ​

کچھ صارفین نے آٹھ سال پہلے کی بات دل میں رکھنے پر کامپٹن پر تنقید کی۔
ایک صارف نے بٹلر اور فلنڈر کے درمیان تلخ کلامی کے لمحے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے طنز کیا کہ’ یہاں بٹلر فنلڈر سے کیا کہہ رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ کامپٹن کا یہ تبصرہ انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں کے درمیان میچ کے پانچویں روز متعدد بار گرما گرمی دیکھی گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا جب ٹیسٹ کے آخری دن بیٹنگ کے لیے باہر آئے تو انہیں کو انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی طرف سے گالیاں دی گئیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کی تلخ کلامی اور حریف ٹیم کے خلاف استعمال کیے گئے دیگر حربوں کو سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن سمیت کئی ماہرین نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وراٹ کوہلی پر الزام لگایا گیا ہے کہ جب بمرا کا کھیل ذرا تیز ہوا تو اس وقت لارڈز کی بالکونی سے وہ گالیاں دے رہے تھے۔ انہیں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے ساتھ محو گفتگو دیکھا گیا۔
کوہلی کی گفتگو نے جارحانہ انداز بھی اختیار کیا اور جوس بٹلر کے ساتھ ان کی تلخی ہوئی۔ اس ٹیسٹ سیریز کے دوراب جمیز انڈرسن کے ساتھ بھی کوہلی کی گرما گرما ہوتی رہی۔

شیئر: