شہباز شریف کا نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ماں کو کھو دینے سے بڑا نقصان اور کوئی نہیں‘ (فوٹو: مسلم لیگ ن)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
جمعے کو شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ماں کو کھو دینے سے بڑا نقصان اور کوئی نہیں۔ میں نریندر مودی سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘
نریندر مودی کی والدہ جمعے کی صبح 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نریندر مودی کا آج جنوبی بنگال کا دورہ شیڈول تھا جہاں انہوں نے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا تاہم بعدازاں وزیراعظم آفس سے ٹویٹ کے ذریعے مطلع کیا گیا کہ وہ تقریب میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک ہوں گے۔
72 سالہ نریندر مودی والدہ کی آخری رسومات میں شریک ہوئے انہوں نے ارتھی کو کندھا دیا اور بعدازاں اسی ایمبولینس میں سوار ہوئے جس میں اس کو رکھا گیا۔
نریندر مودی کے خاندانی سورس نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’ہم اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کے شکرگزار ہیں۔ ہماری گزارش ہے کہ جانے والی روح کو دعاؤں میں یاد رکھیں اور اپنے طے شدہ کاموں کی طرف لوٹ جائیں یہ نریندر مودی کی والدہ کے لیے خصوصی خراج تحسین ہو گا۔‘
ہیرابن نریندر مودی کے چھوٹے بھائی پنکج مودی کے ساتھ ریسین نامی گاؤں میں رہتی تھیں جو گاندھی نگر کے قریب ہی ہے۔ نریندر مودی باقاعدگی سے ان سے ملنے کے لیے گاؤں کا چکر لگایا کرتے تھے۔