Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئیے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں، شہباز شریف کا نریندر مودی کو خط

شہباز شریف نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ’آئیے امن کو محفوظ بنائیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے انڈین ہم منصب وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔
اتوار کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے منتخب ہونے پر نیک خواہشات کے اظہار پر انڈین وزیراعظم کو شکریے کا خط لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔ عوام کی ترقی کے لیے پاکستان اور انڈیا کے درمیان پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات ناگزیر ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہماری کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔‘
شہباز شریف نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ’آئیے امن کو محفوظ بنائیں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔‘
’خطے میں امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بامقصد مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد دیگر ممالک کے سربراہان سمیت انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شہباز شریف کو مبارک دی تھی۔
انہوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا ’میاں شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد۔ انڈیا دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے تاکہ ہم اپنا فوکس اپنے ترقیاتی چیلینجز پر رکھیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو یقینی بنا سکیں۔‘
 وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد دینے پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
منگل کو انڈین وزیراعظم کی مبارک باد کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کی خواہش ہے کہ انڈیا کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات ہوں۔‘
شہباز شریف کی جانب سے مزید لکھا گیا ’جموں و کشمیر سمیت دیگر تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے سب واقف ہیں۔‘
 

شیئر: