’ناقابل فراموش ایڈونچر‘، رونالڈو کا سعودی عرب کے کلب ’ النصر‘ سے معاہدہ
رونالڈو کے سعودی عرب میں کھیلنے کو سب سے بڑی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
حالیہ برسوں اور مہینوں کے دوران سعودی عرب میں فٹ بال کی متعدد بڑی خبریں آئیں مگر اس جیسی کوئی نہ تھی کہ کرسٹیانو رونالڈو مملکت کے کلب النصر سے کھیلنے کا معاہدہ کر رہے ہیں۔
قطر میں فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی جیت یقینی طور پر قوم کے لیے بہت اہم اور ناقابل فراموش لمحہ تھا۔
لیکن جب بات مقامی کلب فٹ بال کی آئے تو اس کا مقابلہ کسی چیز سے نہیں ہو سکتا کہ پرتگال کا سٹار فٹ بالر سعودی روشن لیگ کھیلنے آ رہے ہیں۔
دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کو اگلے چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران ریاض، جدہ، دمام اور دیگر شہروں میں دیکھا جائے گا اور اسی طرح دنیا کے ہر کونے میں موجود فٹ بال شائقین ان کو سعودی عرب میں کھیلتے دیکھیں گے۔
اگر سعودی فٹ بال کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو تب بھی یہ معاہدہ فٹ بال کی بڑی خبروں میں سے ایک ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا یہ ممکن ہو گا مگر اب یہ ہو چکا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ یقینی طور پر ایک ناقابل فراموش ایڈونچر ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو ریاض جائنٹس سے دو سال کے لیے کھلیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد وہ رواں دہائی کے اختتام تک ایمبیسیڈر کا کردار نبھائیں کریں گے۔
فیفا ورلڈ کپ کے دوران جب رونالڈو کے سعودی عرب میں کلب فٹ بال کھیلنے کی افواہیں عروج پر تھیں، ال نصر کے کوچ روڈی گارشیا نے کھیل کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے ساتھ کام کرنے کے امکان پر اپنی مسرت کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’کسی بھی کوچ کو کرسٹیانو جیسے عظیم سٹار کو تربیت دینے میں خوشی ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا ہمیشہ سے خیال ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کو مینج کرنا سب سے آسان ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت ذہین ہوتے ہیں۔‘
پرتگال کے سٹار فٹ بالر دنیا کے جس کلب سے بھی کھیلنے جاتے ہیں کروڑوں شائقین اس طرف کا رخ کرتے ہیں۔
وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 500 ملین سے زیادہ فالوورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول شخص ہیں۔
اگر اُن کے فالوورز میں سے صرف 10 فیصد نے بھی اُن کے ال نصر میں کھیلنے میں دلچسپی لی تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہو گی۔