چند گھنٹے میں شفاف نہیں صرف جُھرلو الیکشن ہوسکتا ہے: وزیرِداخلہ
فواد چوہدری نے کہا کہ ’اس حکومت کو الیکشن سے اتنا ڈر ہے تو کوئی اور کام کر لیں‘ فائل فوٹو: سکرین گریب
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کہا ہے کہ ’مسترد شدہ پروپیگنڈا گروہ صرف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ عمران خان کو اقتدار میں ہوتے ہوئے بلدیاتی الیکشن یاد کیوں نہیں آئے۔‘
وزیر داخلہ نے سنیچر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’بلدیاتی الیکشن اپریل 2020 میں ہونے تھے۔ عمران خان کیوں دو سال تک بھاگا رہا؟، بلدیاتی الیکشن قانون کے مطابق ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا ’دو سال تک بلدیاتی الیکشن نہ کرانے والا چند گھنٹے میں الیکشن کرانا چاہتا ہے۔ اسے کہتے ہیں انوکھا لاڈلا دھاندلی زدہ الیکشن چاہتا ہے۔ یہ سہولت اب ختم ہوچکی ہے۔‘
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعے کی شام اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو کرائے جائیں۔
اس کے بعد آج (سنیچر کو) الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے ہائی کورٹ کے فیصلے پر انٹراکورٹ اپیلیں دائر کر دیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نےعمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’جعلی صادق اور امین پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کیوں نہیں کراتا، الیکشن کمشن کے پاس کون سی جادو کی چھڑی ہے کہ چند گھنٹے میں الیکشن کرا دے۔ چند گھنٹے میں شفاف الیکشن نہیں صرف جھرلو الیکشن ہوسکتا ہے۔‘
رانا ثناء اللہ کے بیان کے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن کے چیئرمین نے ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود اسلام آباد الیکشن نہیں کروائے۔‘
’چیف الیکشن کمشنر اور رانا ثناء اللہ نے آئین کی خلاف ورزی کی‘
وزیر داخلہ کے جواب میں فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان کے آئین پر کھلم کھلا حملہ ہے جو رانا ثنااللہ اور چیف الیکشن کمشنر نے کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ایک اور ریفرنس فائل کرنے جارہے ہیں اور عدالت سے استدعا کریں گے کہ چیف الیکشن کمشنر کو کام سے روکا جائے۔‘فواد چوہدری کے بیان کے جواب میں
فواد چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی کو پیشکش کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’کل دو ایم پی ایز نے بتایا کہ کس طرح ناصر شاہ اور شرجیل میمن نے ان سے رابطہ کیا گیا آفر کی گئی۔ پنجاب میں ناصر شاہ اور شرجیل میمن کے خلاف پرچہ دیا جائے گا۔ ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں بھی نااہلی کا ریفرنس دائر کریں گے۔‘
’اس حکومت کے بال بھی الیکشن سے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ اتنا الیکشن سے ڈر ہے تو کوئی اور کام کر لیں۔ الیکشن نہیں کروا سکتے تو چنے کی ریڑھی لگا لیں۔‘
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’صوبہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے لیکن قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کو نہیں بلوایا گیا۔‘
اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بیان میں کہا کہ ’آج اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کےانعقاد کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل نہ کر کے الیکشن کمیشن نے پھرسے ثابت کیا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سرپرستوں کی بی ٹیم ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم ہر انتخابی میدان سے بھاگ رہی ہے۔ ووٹ کا حق بنیادی جمہوری اصول ہے اور پی ٹی آئی پوری دلجمعی سے اس پر قائم ہے۔‘