مکہ، جدہ اور طائف کے تمام تعلیمی ادارے اتوار کو بند، آن لائن تدریس ہوگی
مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف کے ادارہ تعلیم نے موسم کی تبدیل ہونے والی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ’ اتوار یکم جنوری کو مکہ ریجن ،جدہ، طائف، رابغ اور خلیص کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ادارہ تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ اتوار کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیم کا سلسلہ آن لائن ہوگا۔ جدہ اور ملک عبدالعزیز یونیورسٹی بھی بند رہے گی۔‘
واضح رہے کہ قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ’ اتوار سے بدھ تک مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔
بارش مکہ مکرمہ ریجن، الباحہ، قصیم ، مدینہ منورہ، الجوف ، حائل اورریاض کے بعض علاقوں میں ہونے کی توقع ہے۔
قومی مرکز کا مزید کہنا ہے کہ رواں ہفتے منگل اوربدھ کو تبوک کے بالائی علاقے اورالجوف و شمالی حدود کے بعض علاقوں میں برف باری کی بھی توقع ہے۔