سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان
کئی علاقوں میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے بیان میں کہا کہ کئی علاقوں میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ژالہ باری بھی ہوگی۔ گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہو جائے گی جبکہ سمندر میں لہریں اونچی اٹھیں گی۔‘
حسین القحطانی نے مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، بحرہ، خلیص، اللیث، القنفذہ، العرضیات، اضم، میسان، الخرمہ، المویہ اور رنیہ میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ باحہ،مدینہ منورہ، قصیم، ریاض اور الشرقیہ ریجنوں کی بیشتر کمشنریوں میں بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ متعلقہ حکام بارش سے متاثرہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے چوکس ہیں۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو گھروں سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی نکلنے کی تنبیہ کررہے ہیں۔ بارش کے دوران ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی جا رہی ہے۔