آئی پی ایل میں اپنی تیز بولنگ کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کرنے والے انڈیا کے فاسٹ بولر عمران ملک نے پہلے ٹی20 میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ تیز بولنگ کی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق عمران ملک نے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں پھینکیں جو اب تک انڈیا کا کوئی بھی پیسر نہیں پھینک سکا ہے۔
مزید پڑھیں
-
2022 میں کرکٹ میں کون سے اہم واقعات ہوئے؟Node ID: 729961
-
رشبھ پنت کا ایکسیڈنٹ، ’مدد کے لیے کوئی نہ آیا‘Node ID: 730121
منگل کو وانکھڈے سٹیڈیم ممبئی میں ہونے والے میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا 27 گیندوں پر 45 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جب عمران ملک نے ان کو 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی اور آؤٹ کر دیا۔
عمران ملک کی تیز رفتار کی وجہ سے شناکا درست طور پر ہٹ نہ لگا سکے اور بال سیدھی یوزویندرا چہل کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
اسی طرح عمران ملک نے چیرتھ اسالنکا کو بھی پویلین کی راہ دکھائی یوں وہ اپنے چار اوورز کے کوٹے میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
اسی میچ میں ڈیبیو کرنے والے پیسر شیوم ماوی نے بھی متاثرکن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انڈیا سری لنکا کو دو رنز سے شکست دینے میں کامیاب رہا۔
ماوی کی جانب سے 22 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے نے انڈیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور تین میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
انڈیا کی کامیابی میں بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر ایکسر پٹیل کا بھی ہاتھ رہا۔ انہوں نے اپنے آخری اوور میں ایک اہم مرحلے پر نپی تلی بولنگ کرائی۔ سری لنکا کو آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے اور اس وقت چیمیکا کرونارتنے 23 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور لگ رہا تھا کہ میچ انڈیا کے ساتھ سے نکل گیا ہے۔
آخری اوور میں دو رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کرونارتنے بھی کچھ نہ کر پائے اور صورت حال انڈیا کے حق میں ہو گئی۔
پیسر عمران ملک کو اس وقت سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
سابق انڈین بولر عرفان پٹھان نے ان کی رفتار کے حوالے سے لکھا کہ ’عمران ملک صرف آگ ہی نہیں پھینک رہے بلکہ لائن اور لینتھ بھی بہتر کر رہے ہیں۔‘
محمد رفیع نامی صارف نے پاکستانی بولر شعیب اختر اور عمران ملک کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ عمران ملک شعیب اختر کا دنیا کے تیز ترین بولر ہونے کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔‘