Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 9 وکٹوں پر 407 رنز

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 124 اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
دن کے آخری سیشن میں پاکستانی بیٹرز کی جانب سے سُست بیٹنگ دیکھنے کو ملی جس کے بعد کیویز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے پاکستان کو مزید 42 رنز درکار ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 3، اِش سوڈھی نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرے دن چائے کے وقفے تک پاکستان کے 337 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ تھے، لیکن اس کے بعد آخری سیشن میں 31 اوورز کھیل کر صرف 76 رنز بنائے اور 4 وکٹیں بھی گنوا دیں۔
بدھ کو کراچی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز پاکستان 154 رنز سے اننگز کیا اور ناٹ آؤٹ رہنے والے امام الحق اور سعود شکیل بیٹنگ کرنے آئے، تاہم امام الحق 83 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز احمد تھے انہوں نے 78 رنز بنائے۔ آغا سلمان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی اور اعجاز پٹیل کے گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد حسن علی جو کہ تیز کھیلنے کی غرض سے آئے تھے، وہ چھکا لگانے کی کوشش میں صرف چار رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی دوسری وکٹ بنے۔
حسن علی کے آؤٹ ہونے کے بعد نسیم شاہ بھی 4 رنز کے سکور پر اش سوڈھی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد اِش سوڈھی نے اگلی ہی گیند پر میر حمزہ کو بھی بولڈ کر دیا، تاہم آخری بیٹر ابرار احمد نے ان کی ہیٹرک نہ ہونے دی۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے 43 رنز کی شراکت قائم کی (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے دن کے کھیل کے خاتمے کے وقت پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا رکھے تھے اور امام الحق 74 اور سعود شکیل 13 رنز بنا کر ناٹ رہے تھے۔
پہلی اننگز میں کپتان بابر اعظم 24، عبداللہ شفیق 19 اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر لڑکھڑاتا دکھائی دیا۔
پہلی وکٹ 27 رنز پر اس وقت گری جب عبداللہ شفیق ہٹ لگانے کی کوشش میں غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر کیچ دے بیٹھے تھے۔
اس کے بعد شان مسعود نے آتے ساتھ ہی جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی اور کیوی سپنر اعجاز پٹیل کو ایک اوور میں تین چوکے مارے، لیکن اوور کی آخری گیند پر وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے 43 رنز کی شراکت قائم کی۔
تاہم دونوں بلے باز رن لیتے وقت الجھن کا شکار ہو گئے اور بابر اعظم رن آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ سست روی کا شکار ہو گئی تھی۔

منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز
منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس کی جانب سے ڈیون کانوے 122، ٹام لیتھم 71 اور میٹ ہنری 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کی 10 ویں وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت داری رہی۔
خیال رہے کہ اس سے  قبل کراچی میں ہی کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

شیئر: