Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش لیگ: میچ میں دلچسپ واقعہ، ایڈم زمپا ’منکڈ‘ کرنے میں ناکام

ایڈم زمپا بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ (فائل فوٹو: بی بی ایل)
آسٹریلوی ٹی20 بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایک مرتبہ پھر ایک دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا ہے۔
منگل کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں کھیلے گئے میبلرن رینیگیڈز اور میلبرن سٹارز کے درمیان میچ کے دوران میلبرن سٹارز کے سپنر ایڈم زمپا نے مخالف کھلاڑی کو ’منکڈ‘ یعنی نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کرنے کی ناکام کوشش کی۔
میلبرن رینیگیڈز کی اننگز کے 20 ویں اوور میں جب ایڈم زمپا پانچویں گیند کروانے آئے تو نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹر ٹام روجرز کریز سے نکل گئے۔
ایڈم زمپا نے گیند کروانے کے بجائے انہیں ’منکڈ‘ کردیا جس پر سٹیڈیم میں موجود شائقین نے خوب شور مچایا۔
ایڈم زمپا کی جانب سے’منکڈ‘ کی اپیل کے بعد فیلڈ امپائر نے فیصلہ دینے کے لیے تھرڈ امپائر سے رجوع کیا جس کے بعد تھرڈ امپائر نے ٹام روجرز کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایڈم زمپا کی جانب سے ’منکڈ‘ کے باوجود نان سٹرائیکر کو اس وجہ سے آؤٹ نہیں دیا گیا کیونکہ زمپا گیند کرواتے وقت اپنا بازو اوپر کی جانب سے نیچے لا چکے تھے یعنی اپنا بولنگ ایکشن پورا کر چکے تھے جس کے بعد بیٹر کو کریز چھوڑنے کی اجازت ہوتی ہے۔
کرکٹ کے قوانین کے مطابق اگر بولر کی جانب سے گیند کروانے سے پہلے بولنگ اینڈ پر کھڑا ہوا بیٹر کریز سے نکلے تو بولر اسے ’منکڈ‘ کر سکتا ہے اور اس آؤٹ کو رن آؤٹ ہی تصور کیا جائے گا۔

شیئر: