ٹرک کے خفیہ خانوں میں 30 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
ٹرک کے خفیہ خانوں میں 30 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
بدھ 4 جنوری 2023 17:59
نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے تین شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے کہا ہے کہ ’30 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے بدھ کو بیان میں کہا کہ ’ادارے کے اہلکار سعودی عرب اور اس کے نوجوانوں کے امن کو نقصان پہنچانے کے لیے نشہ آوراشیا کی سمگلنگ اور دھندا کرنے والے نیٹ ورک پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔
ترجمان نے بتایا کہ’ 30 لاکھ 49 ہزار451 نشہ آورگولیاں ایک ٹرک کے خالی خانوں میں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ زکوۃ، ٹیکس اورکسٹم اتھارٹی کے تعاون سے کارروائی کی گئی۔ نشہ آور گولیاں وصول کرنے والے تین سعودی شہریوں کو ریاض اورالشرقیہ ریجنوں میں گرفتار کرلیا گیا‘۔
ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے۔