کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 319 رنز کا ہدف، صفر پر دو کھلاڑی آؤٹ
جمعرات 5 جنوری 2023 10:33
عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل میں نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں پر 277 رنز بنا کر ڈیکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں کوئی رن بنائے بغیر پاکستان کی دو وکٹیں گر چکی ہیں۔ اوپنر عباللہ شفیق اور نائٹ واچ میں میر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
قبل ازیں جمعرات کو کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 408 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور نیوزی لینڈ کو 41 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
نیوزی لینڈ نے اپنی دوسرے اننگز 277 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کر دی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا۔
چوتھے روز پاکستان نے 407 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو اس وقت سعود شکیل 124 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ ان کا ساتھ دینے ابرار احمد نے کوئی رن نہیں بنایا تھا۔
سعود شکیل کی جانب سے چار گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد جب ابرار احمد پہلی گیند کھیلنے کے لیے آئے تو اش سود کی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودی اور اعجاز پٹیل نے تین، تین بلے بازوں کو پویلین بھیجا جبکہ ٹم سودی، ڈیرل مچل اور میٹ ہنری ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 124 بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اسی طرح امام الحق نے 83 اور سرفراز احمد نے 78 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز
منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس کی جانب سے ڈیون کانوے 122، ٹام لیتھم 71 اور میٹ ہنری 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کی 10 ویں وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت داری رہی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں ہی کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔