Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فاسٹ بولر شیوم ماوی کا ڈریم ڈیبیو

شیوم ماوی نے سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گزشتہ کئی برسوں سے انڈین کرکٹ ٹیم میں کمزور ٹیموں کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے کے تحت سری لنکا کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز میں بھی سینیئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا اور ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان نئے نوجوان کھلاڑیوں میں ایک شیوم ماوی بھی ہیں جو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں اپنا ڈیبیو کر چکے ہیں۔
سنہ 1998 میں انڈیا کے شہر میرٹھ میں پیدا ہونے شیوم ماوی سنہ 2018 میں اس وقت منظر عام پر آئے، جب انہیں نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے انڈر19 ورلڈ کپ کے چھ میچز میں انڈیا کے لیے نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
انڈر19 ورلڈ کپ کے بعد شیوم ماوی کی زندگی بدلنے والا لمحہ آیا اور انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے سنہ 2018 میں تین کروڑ انڈین روپوں میں خریدا۔
کے کے آر کے لیے شیوم ماوی نے 32 میچز میں 30 وکٹیں حاصل کیں تاہم سنہ 2022 میں انہیں ریلیز کر دیا گیا، اور دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز نے انہیں چھ کروڑ انڈین روپوں میں رواں سال ہونے والے سیزن کے لیے خرید لیا۔
شیوم ماوی ڈومیسٹک کرکٹ میں اُتر پردیش کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں انہوں نے 11 میچز میں 46 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
رواں ماہ سری لنکا کے خلاف جب ٹی20 سیریز کے لیے انڈین ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا گیا تو اس میں شیوم ماوی بھی شامل تھے۔
سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں شیوم ماوی نے ڈریم ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے چار اوورز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کو فتح دلوائی۔
حیرت انگیز طور پر رانجی ٹرافی میں بھی اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر بھی شیوم ماوی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
شیوم ماوی کو انڈین کرکٹ ٹیم کی نئی فاسٹ بولنگ کھیپ کا ابھرتا ہوا ستارہ کہا جا رہا ہے۔

شیئر: