Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا اُروشی روٹیلا کرکٹر رشبھ پنت کی عیادت کرنے ہسپتال گئی تھیں؟

30 دسمبر کو رشبھ پنت کار سڑک پر بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے سے زخمی ہوگئے تھے (فوٹو: ٹائمز ناؤ)
بالی وُڈ کی اداکارہ اور سوشل میڈیا سٹار اُروشی روٹیلا کے بارے میں قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ وہ انڈین کرکٹر رشبھ پنت کی عیادت کرنے کے لیے ہسپتال گئی ہیں۔
اُروشی روٹیلا نے جمعرات کے روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ممبئی میں واقع کوکیلا بین نیروبھائی امبانی ہسپتال کی عمارت کی تصویر اپنی سٹوری میں لگائی ہے، تاہم سٹوری میں کوئی پیغام یا کیپشن نہیں لکھا گیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ وہی ہسپتال ہے جہاں کار حادثے میں زخمی ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کا علاج جاری ہے۔
اس سے پہلے جس دن رشبھ پنت کی کار کو حادثہ پیش آیا تھا اس روز اُروشی روٹیلا نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا تھا ’دعا کر رہی ہوں، ہیش ٹیگ پیار۔‘
اس کے علاوہ اسی روز اُروشی نے اپنی ٹویٹ میں بھی رشبھ پنت کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ’میں آپ کی اور آپ کے گھر والوں کی خیریت کے لیے دعا گو ہوں۔‘
سنہ 2018 میں اُروشی روٹیلا اور رشبھ پنت کے درمیان مبینہ افیئر کی خبریں آئی تھیں، تاہم گزشتہ سال دونوں سپرسٹار ایک دوسرے کے خلاف سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں بھرپور باتیں کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب بدھ کے روز رشبھ پنت کو ایئرلفٹ کے ذریعے دہرادون سے ممبئی منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی سرجری کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 30 دسمبر کی صبح دہلی دہرادون ہائی وے پر رشبھ پنت کی کار سڑک پر بنے ہوئے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

شیئر: