پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر جمعرات کو لندن سے لاہور پہنچے ہیں اور ایسی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں کہ اب وہ مستقل طور پر وہیں قیام کریں گے۔
جنید صفدر کی مستقل طور پر لاہور واپسی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناقدین اور حامیوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ان کا پاکستان واپس آنے کا مقصد شاید سیاست میں حصہ لینا ہے۔
مسلم لیگ ن کے لندن میں مقیم ناقد شایان علی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’جیسی سب امید کر رہے تھے ویسا ہی ہوا اور جنید صفدر سیاست میں داخل ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’لوگ سیاسی خاندانوں سے اُکتا چکے ہیں۔‘
Junaid Safdar is entering politics just as everyone expected. The people are fed up with political dynasties!
— Shayan Ali (@ShayanA2307) January 5, 2023
عبیر خان نامی صارف نے جنید صفدر کی لاہور آمد پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حامیوں کو مبارکباد۔ مستقبل میں آپ کی پُشتیں شریفوں کی غلام رہیں گی جیسے آپ اور آپ کے والدین ہیں۔‘
PMLN:
- Current Leader: Nawaz Sharif
- Next Leader: Maryam Nawaz
- 3rd in line Leader: Junaid Safdar
- 4th in line Leader: To-Be-Born Child of Junaid SafdarCongratulations PMLN Supporters, your future generations will stay slaves of Sharifs just like you & your parents!! pic.twitter.com/a3UDww1uuf
— Ubair Khan (@ubairkhann) January 3, 2023
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور مریم نواز کی قریبی ساتھی حنا پرویز بٹ نے ٹوئٹر پر مخالفین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مریم بی بی کے صاحبزادے جنید صفدر کا فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی پلان نہیں۔ اس لیے جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔‘
سوشل میڈیا پر قیاس آرئیاں زیادہ بڑھیں تو جنید صفدر نے اپنے سیاست میں آنے یا نہ آنے کے حوالے سے خود وضاحت جاری کی۔
انسٹاگرام پر ایک سٹوری میں جنید صفدر نے لکھا کہ ’میں اپنے والدین، خاندان اور برادری کی خدمت کے لیے پاکستان منتقل ہوا ہوں۔ میں کسی بھی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لوں گا اور نہ فی الحال میری سیاست میں کوئی دلچسپی ہے۔‘