سابق وزیراعظم نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا گیا
جمعرات 10 نومبر 2022 18:43
وزیر اعظم شہبازشریف کی لندن میں دو دن میں نواز شریف سے آج یہ دوسری ملاقات تھی۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا گیا۔
پاکستان کی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کرنے کی تصدیق کی۔
دوسری جانب جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں نوازشریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مریم نواز، خواجہ آصف، ملک احمد خان، سلیمان شہباز اور حسین نواز بھی شریک تھے۔ لیگی رہنماؤں کی ملاقات تقریباً ساڑھے تین گھنٹے جاری رہی۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی لندن میں دو دن میں نواز شریف سے آج یہ دوسری ملاقات تھی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی لانگ مارچ، نئےآرمی چیف کی تقرری سمیت مہنگائی اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔
خیال رہے نواز شریف نومبر 2019 سے علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔ وہ عدالت کی جانب سے بیرون ملک علاج کی اجازت ملنے کے بعد 19 نومبر 2019 کو لندن چلے گئے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مختلف رہنماؤں کی جانب سے حالیہ دنوں میں بار بار اعلان کیا گیا کہ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔ تاہم ابھی تک نواز شریف واپس نہیں آئے ہیں اور نہ ہی مسلم لیگ اور ان کی جانب واپسی کے حوالے سے کوئی تاریخ دی گئی ہے۔