میکسیکو: بدنام زمانہ سمگلر کے بیٹے کی گرفتاری کے لیے آپریشن، 29 افراد ہلاک
میکسیکو: بدنام زمانہ سمگلر کے بیٹے کی گرفتاری کے لیے آپریشن، 29 افراد ہلاک
جمعہ 6 جنوری 2023 20:05
اوویڈیو گوزمان کو جمعرات کو چھ ماہ کے دوران حاصل کی گئیں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر شمال مغربی شہر کلیاکن سے گرفتار کیا گیا۔ (فائل فوٹو: اے پی)
میکسیکو حکومت نے جمعے کو کہا ہے کہ جیل میں قید منشیات کے سمگلر خواکین ’ایل چاپو‘ گوزمین کے بیٹے کی گرفتاری کے آپریشن میں 10 فوجی اہلکار اور 19 مبینہ جرائم پیشہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دوران آپریشن ہونے والی فائرنگ کی وجہ سے مقامی ایئرپورٹ پر کھڑے تین طیاروں کو نقصان پہنچا اور دہشت کی فضا پھیل گئی۔
اوویڈیو گوزمان عرف ’ایل راٹون‘ نے بدنام زمانہ سینالوا کارٹل کے سابق باس کی سنہ 2017 میں امریکہ حوالگی کے بعد مبینہ طور پر اپنے والد کے آپریشنز کو چلانے میں مدد کی تھی۔
حکومت کے مطابق 32 سالہ اوویڈیو گوزمان کو جمعرات کو چھ ماہ کے دوران حاصل کی گئیں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر شمال مغربی شہر کلیاکن سے گرفتار کیا گیا اور ایک فوجی طیارے میں میکسیکو سٹی لے جایا گیا۔
میکسیکو کے وزیر دفاع لوئس کریسینسیو سینڈوول نے میڈیا کو بتایا کہ ’بدقسمتی سے فوج کے 10 اہلکار ڈیوٹی کے دوران جان کی بازی ہار گئے جبکہ 19 قانون شکنی کرنے والے بھی مارے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انفنٹری بٹالین کی کمان کرنے والے کرنل بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔ (اوویڈیو گوزمان کی) گرفتاری کے بعد ان کی ٹیم پر حملہ کیا گیا۔
35 فوجی اہلکار بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال کے جایا گیا جبکہ 21 مسلح افراد کو گرفتار کیا گیا۔
لوئس کریسینسیو کا کہنا تھا کہ ایک مسافر طیارہ جو ابھی کولیاکن ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے ہی والا تھا، ساتھ ہی میکسیکو کی فضائیہ کے دو طیارے بھی اس وقت زد میں آئے جب سینالوا کارٹیل کے ارکان نے اپنے باس کو چھڑوانے کے لیے ایک زبردست حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فضائیہ کے طیاروں کو ’نقصان پہنچنے کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔‘
تاہم طیاروں پر حملوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اوویڈیو گوزمان کی گرفتاری کے لیے اطلاعات فراہم کرنے والے کے لیے 50 لاکھ ڈالر انعام رکھا ہوا ہے۔