سعودی ایجنسی کی نائجیریا، یمن اور سوڈان میں امدادی سرگرمیاں جاری
سعودی ایجنسی کی نائجیریا، یمن اور سوڈان میں امدادی سرگرمیاں جاری
اتوار 8 جنوری 2023 22:52
شاہ سلمان مرکز نے یمن میں کھجوروں کے 6 ہزار کارٹن تقسیم کرائے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نائجیریا، یمن اور سوڈان میں فلاحی کام جاری ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز نے نائجیریا کی بورنو ریاست کے غونگولان کیمپ میں رہائش پذیر افراد میں847 فوڈ باسکٹ تقسیم کرائی ہیں جن سے 5082 افراد کو فائدہ ہوا۔ یہ علاقہ نائجیریا کے شمال مشرق میں واقع ہے۔
شاہ سلمان مرکز نےمارب کمشنری کے جوالنسیم کیمپ میں نقل مکانی کرنے والے یمنیوں میں کھجوروں کے 6 ہزار کارٹن تقسیم کرائے جن سے 36 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے سوڈانی ریاست النیل الازرق کے ماتحت ود الماحی علاقے کے مصعب بن عمیر کیمپ میں ایک ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جن سے 4830 افراد کو فائدہ ہوا ہے۔