تورخم بارڈر: افغانستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام
تورخم بارڈر: افغانستان سے بڑی مقدار میں اسلحہ پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام
پیر 9 جنوری 2023 17:06
فیاض احمد -اردو نیوز، پشاور
کسٹم حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے بارڈر پر چیکنگ سخت کی گئی ہے۔ (فوٹو: کسٹم کے پی)
پاکستان کے کسٹم حکام نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں افغانستان کے ساتھ سرحد پر واقع طورخم بارڈر کراسنگ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہمسایہ ملک سے بڑے پیمانے پر اسلحہ پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان کسٹم کے مطابق طورخم امپورٹ ٹرمینل پر افغانستان سے آنے والے ٹرک کی تلاشی کے بعد پتہ چلا کہ اس کے خفیہ خانوں میں امپورٹڈ اسلحہ چھپایا گیا ہے۔
ٹرک کے خفیہ خانوں سے ملنے والے اسلحے میں 30 عدد 12 بور ترکیہ ساختہ ریپیٹر بھی شامل ہیں جبکہ بڑی مقدار میں کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
کسٹم حکام کے مطابق ’کارروائی کے دوران ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش کے لیے پولیس سے مدد لی جا رہی ہے۔‘
کسٹم حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ موجودہ حالات کی وجہ سے بارڈر پر چیکنگ سخت کی گئی ہے۔
مال بردار گاڑیوں کی سکیننگ کے لیے مشینوں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ شفٹوں میں عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ دسمبر میں افغانستان سے آنے والے انار کے بھرے ٹرک سے اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔
چیف کلیکٹر کسٹم خیبرپختونخوا محمد سلیم نے اس وقت کہا تھا کہ پکڑے گئے اسلحہ میں 17 خودکار مشین گنز اور 15 ہزار کارتوس شامل ہیں جو ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائے گئے تھے۔
چیف کلیکٹر کسٹم خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ عالمی منڈی میں پکڑے گئے اسلحہ کی قیمت چار کروڑ روپے سے زائد ہے جسے پشاور سمگل کیا جا رہا تھا۔
اس موقع پر بھی ٹرک کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ اس وقت مقامی صحافی احتشام خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرائیور کا فرار ہونا ایک سوالیہ نشان ہے اس معاملے کی انکوائری ہونی چاہیے۔