سعودی وزیر نے پولٹری فارم توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا
سعودی وزیر ماحولیات اور زراعت نے کئی زرعی منصوبوں کا دورہ بھی کیا( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت عبدالرحمن الفضلی نے الوسیم پولٹری کمپنی کے منصوبوں کی توسیع کا افتتاح کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ مارات گورنریٹ میں برائلر مرغیوں کی پیداوار میں مہارت رکھنے والی سکیموں میں سے ایک ہے جس کا ہدف 2030 تک سالانہ 156 ملین پرندوں کی پیداوار ہے۔
سعودی وزیر نے وزارت کے سینئیر عہدیداروں کے ہمراہ شقرا، مرات اور درما کے گورنریٹس میں کئی زرعی منصوبوں کا دورہ کیا، کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا بھی معائنہ کیا۔
عبدالرحمن الفضلی نے ایک فیلڈ ٹور بھی کیا جس میں شقرا گورنریٹ میں پانی کے منصوبے اور زرعی مقامات شامل تھے۔
سعودی وزیر نے کھجور کے شعبے کو ترقی دینے میں مہارت رکھنے والی کمپنی کے کھجور کے بیج لگانے کے منصوبے کا معائنہ کیا۔
اس منصوبے کا مقصد کھجور کی پولینیشن کے بہترین طریقوں کے ذریعے پیداوار کی کارکردگی کو بڑھانا اور نقصانات کو کم کرنا ہے۔
عبدالرحمن الفضلی نے ضرما گورنریٹ میں العزیزیہ فارم کا دورہ کیا جسے سعودی گرین ہاؤسز مینجمنٹ اینڈ ایگری مارکیٹنگ کمپنی چلاتی ہے۔ انہیں کمپنی کے سالانہ تقریباً 100 ملین کلوگرام سبزیاں پیدا کرنے کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس دورے کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں میں وزارت کے زیر نگرانی منصوبوں کا معائنہ کرنا تھا۔
سکیموں کا مقصد قدرتی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ساتھ ساتھ ماحولیات، پانی اور زراعت کے شعبوں میں وزارت کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔
عبدالرحمن الفضلی نے دورے کے دوران مقامی شہریوں سے ملاقات کی اور خدمات کے بارے میں ان کے سوالوں کا جواب بھی دیا۔
انہوں نے وزارت کی جانب سے کنگڈم کے ویژن 2030 کے مطابق خوراک کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کرنے کی خواہش پر زور دیا۔