Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توہینِ الیکشن کمیشن: عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 17 جنوری کو پیش ہونے کا کہا ہے۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
منگل کو چار رُکنی الیکشن کمیشن نے اِن رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مقدمے میں جاری کیے۔ 
الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جانبدارانہ ہے اور اس کے خلاف ہائیکورٹ میں جائیں گے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ کیس کی تاریخ 17 جنوری رکھی ہے جو رولز کے خلاف مقرر کر کے فیصلہ دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے اُن کو جواب دینے کے لیے طلب کیا تھا۔
عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری نے پیش ہونے کے بجائے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں جن کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے تینوں رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 17 جنوری تک پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر تین جنوری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
فیصلے کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانا ہوں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے توہین کے نوٹسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔
سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا کہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے نہیں بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کیس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دوران سماعت ہدایت کی تھی کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں کی سماعت جلد مکمل کی جائے۔

شیئر: