حرمین ایکسپریس کے ذریعے ایک گھنٹے میں 72 ہزار عازمین کو سفر کی سہولت
جمعرات 12 جنوری 2023 5:18
حج کوٹے کی بحالی سے بیرون مملکت سے عازمین کی تعداد بڑھے گی ( فوٹو: ایس پی اے)
حرمین ایکسپریس انتظامیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر یاسر خواجی نے کہا ہے کہ ’حج سیزن کے دوران 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ایک گھنٹے میں 72 ہزار عازمین کو حرمین ایکسپریس کے ذریعے سفر کی سہولت مہیا ہو گی۔‘
یاسر خواجی نے یہ وضاحتی بیان نئے حج سیزن میں کورونا وبا سے پہلے کے کوٹے کی بحالی کے حوالے سے دیا ہے۔ اس بحالی سے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کی تعداد بڑھے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں ریلوے لائن کمپنی ’سار’ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ٹرین کے ذریعے عازمین حج کو آمدورفت کی سہولت فراہم کرے گی۔ منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں بھی سفر کی سہولت ہو گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حرمین ایکسپریس گاڑیوں اور بسوں کے مقابلے میں عازمین کو مکہ سے مدینہ اور مدینہ سے مکہ ریکارڈ وقت میں منتقل کرے گی۔ ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر ڈھائی گھنٹے میں طے ہوگا۔ یہ سفر گاڑیوں اور بسوں کے مقابلے میں محفوظ بھی ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پچھلے سال ٹرین کے ذریعے عازمین کو سفر کی سہولت فراہم کرنے کی کوششیں کامیاب رہی تھی۔ 1.35 ملین سے زیادہ حجاج نے ٹرین سے سفر کیا تھا۔‘