انڈیا کے تیار کردہ کھانسی کے شربت غیرمعیاری ہیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ
جمعرات 12 جنوری 2023 8:32
ڈبلیو ایچ او نے ایمبرانول اور ڈوک ون میکس نامی دونوں کھانسی کے سیرپ غیر معیاری قرار دیے ہیں۔ فوٹو: بزنس ٹوڈے
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت نے انڈیا کے تیار کردہ کھانسی کے شربت کو غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے ازبکستان کو اس کے استعمال سے روک دیا ہے۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق بدھ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اپنے انتباہی پیغام میں کہا کہ ’انڈین کمپنی میریون بائیو ٹیک کے تیار کردہ کھانسی کے شربت غیرمعیاری ہیں اور کوالٹی کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔‘
ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ازبکستان میں کھانسی کے دو اقسام کے غیرمعیاری سیرپ کی نشاندہی ہوئی جو گزشتہ سال 22 دسمبر کو عالمی ادارہ صحت کو رپورٹ کیے گئے تھے۔
بیان کے مطابق ایمبرانول اور ڈوک ون میکس نامی دونوں کھانسی کے سیرپ میریون بائیو ٹیک کمپنی کے تیار کردہ ہیں جو ریاست اترپردیش میں واقع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کمپنی نے ابھی تک عالمی ادارہ صحت کو ان دو ادویات کی کوالٹی کے حوالے سے کسی قسم کی گارنٹی نہیں دی۔‘
خیال رہے کہ چند دن پہلے ایک رپورٹ سامنے آئی تھی کہ انڈیا میں تیار کردہ یہ کھانسی کے شربت استعمال کرنے سے ازبکستان میں چند بچوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کھانسی کے شربت کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان میں ڈائیتھلین گلائیکول کی ناقابل قبول مقدار موجود ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ ان غیرمعیاری پراڈکٹس کا استعمال بالخصوص بچوں میں غیرمحفوظ ہے جس سے صحت شدید متاثر یا موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
ازبکستان میں سیرپ کے مبینہ استعمال سے 18 بچوں کی ہلاکت کے بعد اترپردیش کے فوڈ سیفٹی اور ڈرگ ڈیپارٹمنٹ نے میریون بائیوٹک کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔