Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے: فواد چودھری

تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’وزیراعلٰی  پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔‘
جمعرات کو زمان پارک لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی ہے۔‘
’وزیراعلٰی پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس پر دستخط کر دیے ہیں جو منظوری کے لیے گورنر کو بھیج دی گئی ہے۔‘
دوسری جانب رات گئے گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے بھی وزہراعلی کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کی وصولی کی تصدیق کردی۔ بلیغ الرحمان نے وزیراعلی کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ابھی ابھی موصول ہوئی ہے۔‘ 
قبل ازیں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا  کہ ’اگر گورنر نے اسمبلی نہ توڑی تو وہ 48 گھنٹوں بعد خود بخود تحلیل ہو جائے گی، سمری پر 12 جنوری 2023 کی تاریخ درج ہے۔‘
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گذشتہ برس 26 نومبر کو راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم  مسلم لیگ ق، پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، نگران حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ  شہباز کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر نے کہا کہ ’ہم مسلم لیگ ق، چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، نگران حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھ رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی طرح ہم سنیچر کے روز خیبر پختونخوا کی اسمبلی کو بھی تحلیل کر دیں گے۔‘
’بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کے 186 ارکان نے وزیراعلٰی پرویز الٰہی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ثابت کردیا کہ سیاست میں اب بھی اصول مقدم ہیں۔‘
فواد چودھری کہتے ہیں کہ ’دونوں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں آج ہی توڑ دی جائیں۔‘
’پی ٹی آئی اپنے وعدے پر عمل درآمد کر رہی ہے، وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آکر انتخابات میں جانا چاہیے۔‘
فواد چودھری نے کہا کہ ’ملک میں استحکام صرف انتخابات کے ذریعے ممکن ہے، دو صوبوں میں الیکشن کا مطلب 60 فیصد پاکستان میں الیکشن ہو گا، ملک کو قومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم سپیکر قومی اسمبلی کو اپنے ارکان کے استعفے منظور کرنے کے لیے ایک بار پھر لکھ رہے ہیں۔‘
چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے عمران خان کو اپنی ٹویٹ میں مینشن کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، امید ہے جلد آپ کو وزارت عظمیٰ کے منصب پر دوبارہ دیکھیں گے ان شاء الله۔‘

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق ’پنجاب اسمبلی تحلیل ہوتے ہی خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا عمل شروع ہو گا‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)

پنجاب اسمبلی کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی: بیرسٹر سیف
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ’پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔‘
جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ابھی وزیراعلٰی پنجاب نے گورنر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجی ہے۔‘
’گورنر پنجاب کی جانب سے سمری پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں 48 گھنٹے بعد پنجاب اسمبلی خودبخود تحلیل ہو جائے گی۔‘
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب اسمبلی کے تحلیل ہوتے ہی خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا عمل شروع ہو گا۔‘
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے میں ہمیں کوئی مشکل نہیں ہے۔‘

شیئر: