امارات میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، پرانے زیورات کی فروخت بڑھ گئی
اتوار 15 جنوری 2023 20:08
چار ہفتوں کے دوران 17 درھم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے (فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے نے گزشتہ 7 ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کی قیمت میں 17 درھم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جیولری شو رومز کے مالکان کا کہنا ہے کہ ’سونے کے نرخوں میں مسلسل چار ہفتوں سے اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آخر میں مختلف قیراط ایک گرام سونے کی قیمت میں پانچ سے پونے چھ درہم کا اضافہ ہوا ہے‘۔
مجموعی طور پر گزشتہ چار ہفتوں کے دوران دبئی اور شارجہ میں سونے کے نرخ فی گرام 17 درہم تک بڑھ چکے ہیں۔
شورومز کے مالکان کا کہنا ہے کہ ’گاہک پرانے زیورات فروخت کررہے ہیں تاہم نئے ڈیزائن کے زیورات کی طلب کم ہے۔ آئندہ ایام کے دوران طلب میں اضافہ ہوگا۔‘
الفنان زیورات شوروم کے مینجر کا کہنا ہے کہ’ سونے کے نرخوں میں جتنا اضافہ ہوا وہ سات ماہ کے عرصے میں ایک ریکارڈ ہے‘۔
دھکان شو روم کے مینجر نے کہا کہ’ سونے کے نرخوں میں اضافے سے زیورات کی طلب میں کمی آئی ہے تاہم پرانے زیورات فروخت کرنے کا سلسلہ بڑھا ہے‘۔