فرانس میں کوکین سمگلنگ، ’انسانی جسم اور درست رابطوں کی ضرورت ہوتی ہے‘
فرانس میں کوکین سمگلنگ، ’انسانی جسم اور درست رابطوں کی ضرورت ہوتی ہے‘
پیر 16 جنوری 2023 9:29
جنوبی امریکہ سے سمگل ہونے والی کوکین فرانس میں ہزاروں یورو کی بکتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانس میں استعمال ہونے والی منشیات ’کوکین‘ کا بڑا حصہ جنوبی امریکی ملک گیانا سے ’ڈرگ میولز‘ کے ذریعے یورپی ملک پہنچایا جاتا ہے۔ یعنی منشیات کی سمگلنگ کے لیے ایسے افراد کو استعمال کیا جاتا ہے جو کوکین کو اپنے جسم کے اعضا میں چھپا کر سمگلنگ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈرگ میولز میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو چند ہزار یورو کی لالچ میں کوکین کے کیپسولز نگلنے پر آمادہ ہو جاتے ہیں یا پھر جسم کے پوشیدہ حصوں میں چھپانے کو تیار ہوتے ہیں۔
27 سالہ ٹونیا نے بتایا کہ انہیں پیسوں کی ضرورت تھی اور 800 گرام کوکین اپنے معدے اور جوتوں میں چھپانے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں تھا۔
ٹونیا کوکین چھپائے ہوئے پرواز کے ذریعے پیرس پہنچ گئے تھے کہ ایئر پورٹ سے نکلنے کے بعد انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
گیانا کے دارالحکومت کائین سے فرانس جانے والی ہر پرواز پر کم از کم 30 مسافر ایسے ہوتے ہیں جو کوکین اپنے جسم کے پوشیدہ حصوں میں چھپائے سفر کر رہے ہوتے ہیں۔
گیانا سے ایک کلوگرام کوکین ساڑھے چار ہزار یورو میں خریدی جاتی ہے جبکہ ہمسایہ ملک سورینام سے ساڑھے تین ہزار یورو میں ملتی ہے جو فرانس میں ڈیلرز کو 35 ہزار یورو میں بیچی جاتی ہے۔ جبکہ گاہک یہ تین گنا زیادہ قیمت میں خریدتے ہیں۔
کوکین جنوبی امریکی ممالک سے یورپ پہنچانے والے افراد کو ہر دورے پر تین سے دس ہزار یورو دیے جاتے ہیں۔
’ڈرگ میول‘ ٹونیا کے خیال میں کوکین اس طرح سے سمگل کرنے کا طریقہ کار اتنا پیچیدہ نہیں صرف درست رابطوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
فرانس میں زیادہ تر کوکین جنوبی امریکی ملک گیانا سے سمگل ہوتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
جنوبی امریکی ممالک گیانا اور سورینام میں ڈرگ میولز کی کمی نہیں ہے جو پیسوں کی خاطر اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے نشہ آور مواد سمگل کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ ان ممالک میں بدترین غربت اور بے روزگاری ہے۔
سورینام سے تعلق رکھنے والی جولیا نے بتایا کہ انہیں تمام خطرات کے بارے میں علم تھا ’لیکن جب کوئی اور راستہ ہی نہ ہو تو کیا ہی کر سکتے ہیں؟‘
جولیا دو بچوں کی والدہ ہیں اور کوکین سمگل کرتے ہوئے انہیں پولیس نے پکڑ لیا تھا جس کے بعد انہیں دو سال جیل میں گزارنا پرے۔
جولیا کی دوست لیڈیا کو بھی ڈرگ ٹریفیکرز کی طرف سے 3.5 کلو کوکین سمگل کرنے کے لیے 15 ہزار یورو کی پیشکش ہوئی تھی۔
لیڈیا کو پولیس نے ایئر پورٹ پر ہی 4.5 کلو کوکین کے ساتھ حراست میں لے لیا تھا۔
سال2021 میں کسٹم حکام اور پولیس نے گیانا کے ایئر پورٹ پر یورپ جانے والے 512 مسافروں کو حراست میں لیا تھا جن سے کُل 1.26 ٹن کوکین برآمد ہوئی تھی۔
فرانس کی وزارت داخلہ نے گیانا کے دارالحکومت کائین کے ایئر پورٹ پر سکینر لگانے کا کہا ہے تاکہ پرواز پر چڑھنے سے پہلے ہر شخص کو مکمل سکین کیا جا سکے۔