Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کتے کا خوف، ڈیلیوری بوائے جان کی بازی ہار گیا

محمد رضوان انڈیا کی مشہور فوڈ ڈیلیوری کمپنی ’سوئگی‘ کے لیے کام کرتے تھے۔ (فائل فوٹو: زی نیوز)
انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ایک کتے کے خوف سے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والا ڈیلیوری بوائے جان کی بازی ہار گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 23 سالہ محمد رضوان انڈیا کی مشہور فوڈ ڈیلیوری کمپنی ’سوئگی‘ کے لیے کام کرتے تھے اور اسی سلسلے میں وہ بنجارا ہلز نامی علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں کھانا ڈیلیور کرنے گئے۔ انہوں نے دروازہ کھٹکھٹایا تو اپارٹمنٹ کی مالکہ کے پالتو کتے نے دروازے پر آ کر ان پر حملہ کر دیا۔
کتے کے خوف کی باعث محمد رضوان نے تیسری منزل سے نیچے چھلانگ دی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اپارٹمنٹ کی مالکہ جس کا نام شوبانہ بتایا جا رہا ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس واقعے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین بھی اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
بیبیک بشال نے فوڈ ڈیلیوری سروسز کو مشورہ دیا کہ ’آرڈر لیتے وقت صارف کو ٹِک مارک کر کے بتانا چاہیے کہ اس کے گھر پالتو جانور ہیں۔ انہیں کہیں کہ وہ مرکزی گیٹ پر آ کر خود آرڈر لیں۔‘
بینیت مشرا کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں کے گھر پالتو کتے ہوں وہ ہوم ڈیلیوری کے اہل نہیں ہونے چاہییں۔‘
انتھو فائل 13 نامی ایک ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ ’وقت آ گیا ہے کہ پالتو جانوروں کے حوالے سے قوانین کو سخت کیا جائے۔‘

شیئر: