Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ق نے چوہدری پرویز الٰہی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی

مسلم لیگ ق کے پرویز الٰہی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ’صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے پنجاب چیپٹر کے صدر پرویز الہی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔
پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کا اجلاس صدر چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد پرویز الہی کو جاری ہونے والے شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ ’رات کو چلنے والی خبروں کے حوالے سے مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔‘
’انہوں نے اس اقدام کا سختی سے نوٹس لیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا۔ آپ سے اس غیرآئینی اور غیرقانونی اقدام کی وضاحت مانگی جاتی ہے۔‘
نوٹس کے مطابق ’پاکستان مسلم لیگ بحثیت سیاسی جماعت اپنا تشخص، ووٹ بینک، پارٹی ڈسپلن اور ضابطہ و منشور رکھتی ہے جس کی خلاف ورزی آپ کے رات کو میڈیا کو دیے گئے بیان سے معلوم ہوتی ہے۔‘
’اس بنا پر آپ کو سات دن کا نوٹس دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے اس غیرآئینی اقدام کی وضاحت دیں ورنہ آپ کے خلاف پارٹی آئین کے آرٹیکل نمبر 16 اور آرٹیکل نمبر 50 کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’آپ کی وضاحت تک آپ کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔‘
اس سے قبل مسلم لیگ ق کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گذشتہ روز لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ’کل ہم نے اجلاس بلایا ہے جس میں پارٹی عہدیداروں سمیت ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں اس حوالے سے مشورہ کیا جائے گا۔‘
عمران خان سے ملاقات کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے ہمیں کہا ہے کہ اگر پارٹی میں ضم ہو جائیں تو وہ آپ کے لیے بھی اچھا ہے اور ہماری پارٹی کے لیے بھی اچھا ہے۔ اور مونس الہٰی کا بھی یہی خیال ہے۔‘
ان سے چوہدری شجاعت حسین اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب اب چلے ہوئے کارتوس ہیں۔‘

شیئر: