’2030 تک سعودی جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 10 فیصد ہوگا‘
15 بین الاقوامی مارکیٹوں کے دروازوں پر دستک دی ہے۔ (فوٹو سی این این عربک)
سعودی نائب وزیر سیاحت شہزادی ھیفا آل سعود نے کہا ہے کہ 2018 میں جی ڈی پی میں شعبہ سیاحت کا حصہ تین فیصد تھا، 2030 تک اس کو 10 فیصد تک پہنچا دیا جائے گا۔
سبق اور اخبار 24 کے مطابق شہزادی ھیفا نے خطے کے ممالک خصوصاً امارات کے ساتھ سیاحتی مسابقت سے متعلق سوال پر کہا کہ ’ہم اکٹھے زیادہ طاقت ور ہیں‘۔
شہزادی ھیفا نے امریکی ٹی وی چینل سی این این سے گفتگو میں کہا کہ ’خطے میں سیاحت کے حوالے سے مسابقت خصوصاً دبئی کے ساتھ صحت مند اور اچھا رجحان ہے۔ ہمارا علاقہ پوری دنیا کے لے پرکشش ہے۔‘
شہزادی ھیفا نے کہا کہ ’نئی مارکیٹیں کھولنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ السعودیہ انیشیٹو نے امریکہ، جرمنی اور ایشیا وغیرہ میں 15 بین الاقوامی مارکیٹوں کے دروازوں پر دستک دی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کاروباری شراکت منافع بخش عمل ہے۔ مملکت نے چینی مارکیٹ کھولتے وقت چینی صارفین کے لیے ’ٹرپ ‘ کے ساتھ شراکت قائم کی ہے۔ 80 ٹورسٹ گائیڈز کو میندرین زبان کی ٹریننگ دی گئی۔ 60 ٹورسٹ گائیڈ کو جرمن زبان سکھائی گئی ہے۔‘
وزارت سرمایہ کاری کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق ’2022 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران سعودی سیاحت سے 27 ارب ریال کی آمدنی ہوئی۔ امارات کے نائب صدر محمد بن راشد کا کہنا ہے کہ سیاحت سے اس عرصے کے دوران 19 ارب درہم کی آمدنی ہوئی ہے۔‘
خلیجی ممالک میں سیاحت کا شعبہ آمدنی کا بڑا اہم ذریعہ ہے۔ کورونا وبا سے قبل اس شعبے نے بہترین شرح نمو حاصل کی۔ 2019 کے دوران خلیجی ممالک کی معیشتوں میں سیاحت سے ہونے والی اوسط آمدنی قومی پیداوار کا 9.7 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
کورونا وبا کے منفی اثرات سے 2021 کے دوران یہ شرح کم ہو کر 6.5 فیصد رہ گئی۔ مجموعی طور پر خلیجی ممالک نے 2019 کے دوران عالمی سیاحت میں تین فیصد حصہ ڈالا۔
امارات میں 2019 کے دوران قومی پیداوار میں سیاحت کے شعبے کا حصہ 11.7 فیصد رہا۔
سعودی عرب میں سیاحت کا حصہ 9.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا البتہ کورونا وبا کے بعد دنیا کے مختلف سیاحتی ممالک میں سیاحت کا گراف متاثر ہوا۔ پھر2020 اور2021 کے دوران قومی پیداوار میں سیاحت کے حصے کے حوالے سے جو اعدادو شمار ریکارڈ پر آئے وہ اس شعبے کی تاریخی کارکردگی کے حقیقی عکاس نہیں ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں