خلیجی ممالک کے اقامہ ہولڈرز مملکت کا سیاحتی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں؟
سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دیتے وقت خلیجی اقامہ کارآمد ہونا ضروری ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت سیاحت کی جانب سے مملکت کے لیے ٹورسٹ ویزے کے ضوابط میں تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت خلیجی ممالک میں رہنے والے اقامہ ہولڈرز بھی آن لائن سیاحتی ویزہ حاصل کرسکیں گے۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب کی جانب سے سیاحتی ویزے کے ضوابط میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے جس کے مطابق خلیجی ممالک میں رہنے والے اقامہ ہولڈرغ یرملکی بھی مملکت کا سیاحتی ویزہ آن لائن حاصل کرسکیں گے۔ خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کے اقامے کی مدت تین ماہ سے زائد ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے سعودی وزارت سیاحت کی جانب سے 49 ممالک کے شہریوں کے لیے آن لائن سیاحتی ویزے کی سہولت ہے۔ اس کےعلاوہ امریکہ، برطانیہ یا شنجن ویزہ رکھنے والے یا وہاں مقیم افراد بھی آن آرائیول یا آن لائن سیاحتی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔
یورپی ممالک کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ حاصل کرتے وقت ان کا یورپی ممالک کا ویزہ ایکسپائر نہ ہو۔ علاوہ ازیں وہ اس ویزے پر کم از کم ایک بار ان ممالک کا سفر کر چکے ہوں۔
وزارت سیاحت نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ ٹورسٹ ویزے پر آنے والے عمرہ ادا کر سکتے ہیں تاہم حج نہیں۔ سیاحتی ویزے پر آنے والوں کو چاہیے کہ وہ مملکت کے قوانین کی پاسداری کریں اور اپنی شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔