انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم نے دوسری شادی کر لی، انڈین میڈیا کا دعویٰ
انڈیا کی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ داود ابراہیم کے بھانجے علی شاہ کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈین میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ انڈر ورلڈ کے مفرور ڈان داؤد ابراہیم نے پاکستان میں ایک پٹھان خاتون سے شادی کر لی ہے۔
این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ پارکر کے بیٹے علی شاہ نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کو بیان ریکارڈ کروایا ہے جس میں ان کے خاندان کے بارے میں تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
علی شاہ کے بیان کے مطابق ’داؤد ابراہیم کی شادی ستمبر 2022 میں ہوئی اور انہوں نے پہلی بیوی کو بھی طلاق نہیں دی ہے۔‘
انویسٹی گیشن ایجنسی نے متعدد مقامات پر چھاپے مار کر داؤد ابراہیم کے نیٹ ورک کے لیے کام کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔
انڈیا ٹوڈے سمیت دیگر انڈین میڈیا پلیٹ فارمز کا کہنا ہے کہ علی شاہ نے تحقیقاتی ایجنسی کو داؤد ابراہیم کے خاندان کے بارے میں بتایا کہ ان کی پہلی بیوی اب بھی واٹس ایپ پر کچھ لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں۔
این آئی اے نے داؤد ابراہیم اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی کے لیے فنڈز کی فراہمی کا کیس درج کیا تھا اور اسی کیس میں ہی علی شاہ پارکر کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
علی شاہ کے بیان کے مطابق ’داؤد ابراہیم کے چار بھائی اور چار بہنیں ہیں۔‘
خیال رہے انڈیا طویل عرصے سے دعوٰی کرتا آ رہا ہے کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں موجود ہیں تاہم پاکستان اس کی تردید کرتا ہے۔
علی شاہ کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جولائی 2022 میں ان کی ملاقات داؤد ابراہیم کی بیوی میزابن سے دبئی میں ہوئی تھی۔
بیان میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ انہوں نے انہی (میزابن) کے گھر میں قیام کیا تھا۔
بیان کے مطابق ’میزابن اہم مواقع پر میری بیوی کو واٹس ایپ کے ذریعے کال بھی کرتی رہتی ہیں۔‘
بیان میں داؤد ابراہیم کے گھر کے افراد کے بارے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان کی تین بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک کا نام ماہ رخ ہے اور ان کی شادی کرکٹر جاوید میانداد کی بیٹے جنید سے ہوئی ہے۔
علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’داؤد اہراہیم ایسا ظاہر کرتے ہیں کہ انہوں نے پہلی بیوی کو طلاق دے دی ہے تاہم یہ بات درست نہیں ہے۔‘
علی شاہ نے داؤد ابراہیم کے بھائیوں کے بارے میں معلومات دی ہیں تاہم رپورٹس میں اس کی تفصیل موجود نہیں ہے۔