ابھی پارٹی پی ٹی آئی میں ضم نہیں کی، مشاورت جاری ہے: پرویز الٰہی
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی پی ٹی آئی میں ضم کرنے کی دعوت دی تھی (فوٹو: پنجاب حکومت)
پنجاب کے قائم مقام وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ابھی مسلم لیگ ق کو پی ٹی آئی میں ضم نہیں کر رہے، اس پر مشاورت کی جائے گی۔
منگل کو لاہور میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ’عمران خان نے پارٹی تحریک انصاف میں ضم کرنے کی دعوت دی تھی۔‘
ان کے مطابق ’ہمارے 10 ارکان کا کہنا ہے کہ حلقوں میں جا کر اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کا احسان نہیں بھول سکتے کیونکہ انہوں نے اعتماد کرتے ہوئے وزیراعلٰی بنوایا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پنجاب کی طرح کے پی اسمبلی کی تحلیل کے بعد الیکشن جنرل ہوں گے یا کچھ حلقوں پر؟
اس پر انہوں نے کہا کہ ’الیکشن جنرل ہی ہوں گے اور جلدی کرانا پڑیں گے جو تین ماہ کے اندر ہو جائیں گے۔‘
چوہدری شجاعت حسین کی فراست پر عمران خان کو فوقیت دیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے تفصیل میں جائے فقط اتنا کہا کہ ’عمران خان ہمارے لیڈر ہیں۔‘
قبل ازیں انہوں نے داتا دربار کے لیے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیے۔