سعودی ولی عہد نے ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ کا اعلان کردیا
’ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ ثقافت، سیاحت، انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس کے شعبوں کے لیے تقویت کا باعث ہوگا‘ ( فوٹو: واس)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ ثقافت، سیاحت، انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس کے شعبوں کے لیے تقویت کا باعث ہوگا۔
فنڈ کے تحت مضبوط سٹراٹیجک شراکت داریاں قائم ہونے کا امکان ہے جو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع پیدا کرنے کا باعث ہوں گے۔
ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ مضبوط معاشی بنیادی ڈھانچے کے علاوہ ترقی یافتہ اور ایکٹیو معاشرہ پیدا کرکے وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کرے گا۔
ایکٹیویٹی انویسٹمنٹ فنڈ کے اہداف میں سعودی عرب کو مختلف عالمی ایکٹیویٹیز کا مرکز بنانا شامل ہے۔
اس کے تحت مختلف قومی اور بین الاقوامی سرگرمیاں منعقد ہوں گی جن سے ملک کو مستقل آمدنی کے نئے ذرائع حاصل ہوں گے۔