Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دنیا کی معمرترین شخصیت‘ سِسٹر اینڈری کا 118 برس کی عمر میں انتقال

سسٹر اینڈری کے ترجمان ڈیوڈ ٹویلا کے مطابق ٹولن کے نرسنگ ہوم میں نیند کے دوران ان کا انتقال ہوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کی معمر ترین فرانسیسی خاتون 118 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو فرانسیسی راہبہ لیوسائل رینڈون کے ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
لیوسائل رینڈون ’سسٹر اینڈری‘ کے نام سے جانی جاتی تھیں۔ ان کی پیدائش جنوبی فرانس میں پہلی جنگ عظیم سے ایک دہائی قبل 11 فروری 1904 کو ہوئی۔
ان کے ترجمان ڈیوڈ ٹویلا کے مطابق فرانس کے شہر ٹولن کے نرسنگ ہوم میں نیند کے دوران ان کا انتقال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ بہت دکھ کا لمحہ ہے۔۔۔ لیکن ان کی خواہش تھی کہ وہ اپنے بھائی سے جا ملیں۔‘
سسٹر اینڈری یورپ کی معمر ترین شخصیت تھیں۔ ان سے قبل جاپان کی کین تناکا کو دنیا کی سب سے معمر شخصیت قرار دیا جاتا تھا جن کا گزشتہ برس 119 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے گزشتہ برس اپریل میں سسٹر اینڈری کو دنیا کی معمر ترین شخصیت قرار دیا تھا۔
نیویارک میں جنم لینے والی سسٹر اینڈری بنیادی طور پر ایک پروٹیسٹنٹ مسیحی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور وہ اپنے دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھیں۔
انہوں نے اپنی 116ویں سالگرہ کے موقعے پر اے ایف پی کو بتایا تھا کہ جنگ عظیم اول کے بعد ان کے دونوں بھائیوں کی واپسی ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ تھا۔
انہوں نے کہا تھا ’ایسا کم ہوتا ہے۔ عام طور پر خاندانوں کے دو افراد کی موت کی خبر ملتی تھی لیکن وہ دونوں زندہ واپس آ گئے۔‘
انہوں نے پیرس میں امیر گھرانوں کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی گورنرس کے طور پر بھی کام کیا جسے وہ زندگی کا خوب صورت لمحہ قرار دیتی تھیں۔

سسٹر اینڈری 2021 میں نرسنگ ہوم میں قیام کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

جب وہ 26 برس کی عمر کو پہنچیں تو کیتھولزم قبول کرکے انہوں نے بپتسما لیا۔
انہوں نے اپنی زندگی میں مختلف حیثیتوں میں کام کیا۔ انہیں خطوط بھی تسلسل کے ساتھ موصول ہوتے تھے جن کے وہ جواب دیا کرتی تھیں۔
سال 2021 میں وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئیں لیکن صحت یاب ہو گئیں۔ اس وقت نرسنگ ہوم میں دیگر 81 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
گزشتہ برس نرسنگ ہوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’لوگ کہتے ہی کہ کام آپ کو ختم کرتا ہے لیکن یہ کام ہی ہے جس نے مجھے زیدہ رکھا، میں 108 برس کی عمر تک کام کرتی رہی۔‘

شیئر: