ابشر سسٹم میں ریکارڈ بیرون ملک شو ہو رہا ہے کیسے درست کرائیں؟
ابشر سسٹم میں ریکارڈ بیرون ملک شو ہو رہا ہے کیسے درست کرائیں؟
جمعرات 19 جنوری 2023 0:22
کارکن کو طبی انشورنس فراہم کرنا بھی کفیل کی ذمہ داری ہے (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جسے عربی میں ’ادارہ جوازات‘ کہتے ہیں کے ذمہ غیرملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ کا اجراو تجدید کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے ذمے کارکنوں کے ورک پرمٹ کا اجرا وتجدید ہے۔
گھریلو ڈرائیورکے ویزے پرمقیم ایک شخص نے دریافت کیا ’فیملی ڈرائیورکے ویزے پرمملکت آئے ہوئے ایک برس گزرچکا ہے' اس دوران کفیل نے اقامہ جاری نہیں کرایا ، کیا جرمانہ عائد ہوگا؟
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ اقامہ قوانین کے تحت کفیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ 90 دن کی تجرباتی مدت کے اندر اپنے کارکن کا اقامہ جاری کرائے‘۔
’مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد اقامہ جاری نہ کرانے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ جرمانہ ادا کرنے کے بعد دوبارہ اقامہ جاری کرانا ہوگا۔‘
خیال رہے اقامہ قوانین کے مطابق کارکن کو طبی انشورنس فراہم کرنا بھی کفیل کی ذمہ داری ہے جس کے بغیراقامہ جاری نہیں کرایاجاسکتا۔
ابشر میں ریکارڈ کی درستگی کے حوالے سے ایک سوال کیا گیا ’مملکت میں مقیم ہوں مگر ابشر سسٹم میں میرا ریکارڈ بیرون ملک شو ہورہا ہے کس طرح درست کراسکتا ہوں؟‘۔
جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’غیرملکی کارکن کے قانونی امورکی انجام دہی کے لیے کفیل یا اس کا مقرر کردہ نمائندہ جوازات کے دفترسے رجوع کرے۔‘
’جوازات سے رجوع کرنے کےلیے اپائنٹمنٹ حاصل کی جائے اورمقررہ وقت پرجوازات کے دفترپہنچ کروہاں موجود اہلکار کومعاملہ پیش کرے۔‘
کفیل کو چاہئے کہ وہ کارکن کا پاسپورٹ اپنے ہمراہ لے کرجائے جس پرانٹری کی مہر لگی ہوتی ہے۔ انٹری کی مہر دیکھ کرجوازات کا اہلکار ابشرسسٹم کو اپ ڈیٹ کردیے گا۔
واضح رہے قانون کے مطابق غیرملکی کارکن اپنے اہل خانہ کے معاملات کو درست کرانے کے لیے براہ راست جوازات کے دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں جبکہ اپنے معاملات کے لیے جوازات کے کسی دفتر میں براہ راست رجوع نہیں کرسکتے اس کےلیے کفیل یا اس کی جانب سے مقرر کردہ ایسا نمائندہ ہی جوازات سے رجوع کرے گا جس کے پاس باقاعدہ مصدقہ اتھارٹی لیٹرہو۔