Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیملی ڈرائیور کا اقامہ زیادہ سے زیادہ کتنے دن بعد بنانا ضروری؟

مملکت آنے والے کارکنوں کے لیے 90 روز کی تجرباتی مدت ہوتی ہے(فوڈو فری پکس)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن (جوازات) کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیرملکیوں کے سپانسرز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھی جائیں۔ جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا اور دیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔
جوازات کے پلیٹ فارم ’ابشر‘ پرایک شخص نے استفسار کیا کہ’ فیملی ڈرائیور کے ویزے پرآنے والے کارکن کا اقامہ زیادہ سے زیادہ کتنے دن بعد بنانا ضروری ہے؟ 
سوال کا جواب دیتےہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ نئے ویزے پرآنے والے گھریلو کارکن ہوں یا کمرشل دنوں کے لیے اقامےکے اجرا کا قانون یکساں ہے‘۔ 
’نظام کے مطابق نئے ویزے پرمملکت آنے والے کارکنوں کے لیے 90 روز کی تجرباتی مدت ہوتی ہے۔ اس دوران فریقین یعنی آجر واجیر میں اتفاق نہ ہو تو اس صورت میں ملازمت کے معاہدے کو حتمی منظوری کیے بغیر کارکن واپس جاسکتا ہے‘۔ 
اس حوالے سے جوازات کا مزید کہنا تھا کہ’ نئے ویزے پرآنے والے کارکن کا اقامہ 90 روزہ تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل جاری کرانا ضروری ہے بصورت دیگر 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے‘۔ 
واضح رہے وزارت افرادی قوت اورجوازات کے قانون میں آجر واجیر کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے تاکہ فریقین میں سے کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہواورہرفریق اپنا حق حاصل کرے۔ 
ملازمت کے معاہدے میں درج کام کی نوعیت اورشرائط کے علاوہ ماہانہ اجرت ، ہفتہ واراورسالانہ تعطیلات کے علاوہ اضافی مراعات درج کی جاتی ہیں۔ 
اگرکارکن کام کی نوعیت اور اس کے مقابل ملنے والی اجرت سے مطمئن نہیں تو وہ معاہدے کی حتمی منظوری سے قبل اس میں باہمی اتفاق سے ترمیم کرانے کا حقدار ہوتا ہے۔ 

ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن تصدیق کو لازمی قرار دیا گیا ہے( فائل فوٹو اے پی)

مملکت میں محنت قوانین کے مطابق آجر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ کارکن کاسالانہ بنیاد پر میڈیکل انشورنس کرائے کیونکہ اس کے بغیراقامہ جاری نہیں کرایا جاسکتا۔ 
خیال رہے قانون محنت کی رو سے مملکت میں آجر واجیر کے درمیان ملازمت کا معاہدہ انتہائی اہم ہوتا ہے جس کی تصدیق وزارت افرادی قوت کی جانب سے آن لائن کی جاتی ہے۔ مصدقہ ملازمت کے معاہدے ہی وزارت افرادی قوت میں قابل قبول ہوتے ہیں جبکہ زبانی طے پانے والے معاہدے کا کوئی اعتبار نہیں ہوتا۔ 
وزارت محنت کی جانب سے فریقین کے حقوق کے تحفظ کےلیے ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن تصدیق کو لازمی قرار دیا ہے جس کے بغیر اقامہ جاری نہیں کرایا جاسکتا۔ 
نئے ویزے پرآنے والے کارکن کی تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل اس میں اضافہ ممکن ہوتا ہے تاہم اس کے آجر و اجیر کا باہمی متفق ہونا ضروری ہوتا ہے۔  
تجرباتی مدت میں اضافہ کی منظوری تحریری ہوتی ہے جس پرآجر واجیر  کے دستخط ہوتے ہیں جس کے بعد ہی وہ نافذ العمل تصورکیاجاتا ہے۔ تجرباتی مدت ختم ہونے سےقبل اگر اس میں اضافہ نہ کرایا جائے اوراقامہ بھی جاری نہ کیا گیا ہو اس صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔

شیئر: