شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر آف آپریشنز اینڈ پروگرامز احمد بن علی البیز اور مملکت میں انٹرنیشنل میڈیکل کور کے نمائندے حنین صوالحہ نے مشترکہ طور پر معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت ایتھوپیا، صومالیہ اور یمن میں امدادی کوششوں میں مدد کے لیے نو لاکھ، 15 ہزار ڈالر کا عطیہ دیا جائے گا۔
یہ رقم سعودی عرب فیڈریشن فار الیکٹرانک اینڈ انٹلیکچوئل سپورٹس کے زیر اہتمام گیمرز ودآؤٹ بارڈرز مقابلے کے فاتحین کے عطیات سے جمع کی گئی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے لبنان میں سعودی سفیر ولید بخاری کی موجودگی میں بیروت میں کناف پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔
اس منصوبے کا مقصد لبنان کے مختلف علاقوں میں تقریباً 18 ہزار شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں اور ضرورت مند خاندانوں میں موسم سرما کے کپڑوں کی خریداری اور تقسیم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نےایک اور پروجیکٹ کے ذریعے ایتھوپیا میں تین ہزار 600 فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے 21 ہزار 600 افراد مستفید ہوئے۔
افتتاحی تقریب میں ایتھوپیا میں سعودی سفارتخانے کے نمائندے مہناد النفل، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نمائندے فیصل بن سعد الزمل اور ایتھوپیا کے کئی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے مارب گورنریٹ میں بے گھر افراد میں 16 ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کیا جس سے 16 ہزار خاندان مستفید ہوئے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے 31 ٹرکوں نے 5 سے 9 جنوری کے دوران الودیہ کراسنگ پوائنٹ کو عبور کیا جن میں 959 فوڈ باسکٹ، 209 کلو گرام میڈیکل ایڈ، ایک ہزار 260 شیلٹر بیگز اور 410 خیمے تھے۔