لانس اینجلس میں 10 افراد کو ہلاک کرنے والے مشتبہ شخص نے اپنی جان لے لی
پولیس افسر روبرٹ لیونا کے مطابق اس واقعے میں پانچ مرد اور پانچ خواتین ہلاک ہوئیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں چین کے سالِ نو کے موقعے پر 10 افراد کو ہلاک کرنے والے مشتبہ اسلحہ بردار شخص نے خود کو مار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو پولیس جب ملزم کو تلاش کر رہی تھی تو اس دوران اس نے خود اپنی جان لے لی۔
لاس اینجلس پولیس کے سربراہ روبرٹ لیونا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مانیری پارک میں پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے کا مقصد واضح نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 72 برس کے مشتبہ شخص کا نام ہو کان ٹران ہیں۔
روبرٹ لیونا نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم جاننا چاہتے ہیں، ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیسے یہ خوفناک واقعہ پیش آیا۔‘
انہوں نے کہا کہ اتوار کی صبح جب پولیس ٹارنس پہنچی تو ہو کان ٹران نے اپنی سفید گاڑی میں خود پر گولی چلائی۔
یہ علاقہ جائے وقوع سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
روبرٹ لیونا کے مطابق اس واقعے میں پانچ مرد اور پانچ خواتین ہلاک ہوئیں۔ ان کی شناخت کے بارے میں ابھی تک نہیں بتایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے لیے گئے مشتبہ شخص کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتبہ شخص نے چشمے لگا رکھے ہیں اور اس نے سیاہ جیکٹ اور ٹوپی بھی پہنی ہے۔
روبرٹ لیونا نے تصدیق کی ہے کہ سنیچر کی شب مانیری پارک میں شوٹنگ کے تقریباً 20 منٹ بعد قریبی شہر الہمبرا میں ہونے والے ایک واقعے میں مشبتہ اسلحہ بردار ہو کان ٹران ملوث تھا۔
فائرنگ کا واقعہ لاس اینجلس میں مانیری پارک کے علاقے میں نئے چینی قمری سال کے جشن کے موقع پر پیش آیا۔
61 ہزار کی آبادی والے علاقے مانیری پارک میں ایشیائی نسل سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد یہاں رہائش پذیر ہے۔
امریکہ میں سال 2022 کے دوران اسلحے کے استعمال کے دوران 44 ہزار افراد ہلاک ہوئے جن میں نصف سے زیادہ تعداد ان افراد کی ہے جنہوں نے خود اپنی جان لی۔