Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاس اینجلس میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

فائرنگ کا واقعہ نئے قمری سال کی تقریبات کے موقع پر پیش آیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایشیائی آبادی والے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص ایک مرد ہے تاہم پولیس نے ملزم کو حراست میں لینے کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا۔
فائرنگ کا واقعہ لاس اینجلس میں مونٹرے پارک کے علاقے میں نئے چینی قمری سال کے جشن کے موقع پر پیش آیا۔
61 ہزار کی آبادی والے علاقے مونٹرے پارک میں ایشیائی نسل سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد یہاں رہائش پذیر ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے سال کی تقریبات کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد ڈانس کلب میں فائرنگ ہوئی۔
خیال رہے کہ چین کے نئے سال کے موقع پر جنوبی کیلی فورنیا میں بڑے پیمانے پر دو روزہ تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد  شریک ہوتے ہیں۔
ایک ریستورانٹ مالک سینگ وان نے امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا کہ تین افراد بھاگتے ہوئے ان کے ریستورانٹ میں داخل ہوئے اور دروازے کو تالا لگانے کو کہا اور بتایا کہ ایک شخص نیم خود کار رائفل کو بار بار لوڈ کر رہا ہے۔
امریکہ میں سال 2022 کے دوران گن وائلنس یعنی اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے 44 ہزار افراد ہلاک ہوئے جن میں نصف سے زیادہ تعداد ان افراد کی ہے جنہوں نے خود اپنی جان لی۔

شیئر: