Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا: ٹورنٹو میں فائرنگ سے حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک

مشتبہ شخص پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ فوٹو: اے پی
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے نواحی علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں حملہ آور سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی پولیس چیف جم میک سوین کے حوالے سے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ شخص بھی ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹورانٹو سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود وان نامی شہر کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں پیش آیا ہے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
پولیس چیف جم میک سوین نے صحافیوں کو بتایا کہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں انتہائی خوفناک منظر تھا اور کئی افراد کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔
پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات میں معلوم کیا جا رہا ہے کہ کیا ملزم اور متاثرین کے آپس میں کسی قسم کا کوئی تعلق تھا۔
 ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں مختلف اپارٹمنٹس میں موجود تھیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق عمارت کو خالی کرا دیا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کے علاوہ  متعدد ایمبولینسیں بھی موقع پر موجود تھیں۔
امریکہ کے مقابلے میں ہمسایہ ملک کینیڈا میں فائرنگ کے واقعات کی تعداد انتہائی کم ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے میں اسلحے کے استعمال کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد حکومت نے پستول اور چھوٹے ہتھیاروں پر پابندی کا قانون منظور کیا۔
اپریل 2020 میں کینیڈا کی مشرقی ریاست نووا سکوشیا میں شدید نوعیت کا فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پولیس کی وردی میں ملبوس ایک شخص نے 22 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
رواں سال ستمبر میں کینیڈا کے ایک اور صوبے سسکیچواں میں ایک شخص نے 11 افراد کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ 18 کو چاقو مار کر زخمی کیا تھا۔
کینیڈا میں پیش آنے والے جرائم میں سے اسلحے کے زور پر ہونے والے جرائم کی شرح تین فیصد سے کم ہے، لیکن سال 2009 سے فائرنگ کے واقعات میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔
ریاست نووا سکوشیا میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے اگلے روز ہی کینیڈا کی حکومت نے مختلف اقسام کی 1500 بندوقوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

شیئر: