امریکہ چھ ماہ تک لبنان کی فوج اور پولیس کی تنخواہیں ادا کرے گا
پروگرام کے تحت ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو 100 ڈالر ماہانہ چھ مہینے تک ادا کیے جائیں گے(فوٹو: اے پی)
امریکہ نے بدھ کو لبنان کی سکیورٹی فورسز اور پولیس کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مذکورہ امداد اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔
لبنان کی معیشت گذشتہ تین سال مسلسل بحران اور گراوٹ کا شکار ہے جس کے سبب فوجی بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔
امریکہ لبنان کی فوج کا کافی عرصے سے سب سے بڑا ڈونر ہے۔ اس نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی امریکی امداد کی ڈیلیوری کے لیے اشتراک کیا ہے۔
یو این ڈی پی اور بیروت میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر لبنان کی سکیورٹی فورسز اور انٹرنیشنل سکیورٹی فورسز کے اہلکارں کی تنخواہوں کے لیے دی جائے گی۔
بیان کے مطابق یو این ڈی پی مذکورہ رقم سروس فراہم کرنے والے مقامی ادارے کے تعاون سے تقسیم کرے گا۔
’پروگرام کے تحت ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو امریکی قانون کے مطابق 100 ڈالر ماہانہ چھ ماہ تک ادا کیے جائیں گے۔‘
لبنان میں امریکی سفیر ڈوروتھی شیا کا کہنا ہے کہ ’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکہ نے لبنان کو اس قسم کی امداد فراہم کی ہے۔‘
اس وقت لبنان میں چھوٹے رینک کے فوجی اہلکار کی تنخواہ 50 امریکی ڈالر کے برابر ہے جو کہ 2019 سے جاری مالی بحران سے قبل 800 امریکی ڈالر کے برابر تھی۔
قطر نے گذشتہ برس بحران کی شکار لبنانی فوج کے لیے چھ کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت ایک سکیورٹی عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ امداد کی رقم فوج کی تنخواہوں پر خرچ ہوگی۔
2019 کے بعد سے اب تک لبنان کی کرنسی کی قدر 95 فیصد تک گر گئی ہے جس کے سبب کئی لبنانی فوجی نوکری چھوڑ چکے ہیں یا پارٹ ٹائم ملازمت کر رہے ہیں۔
2020 میں ایک موقعے پر لبنان کی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے سبب فوج کو کھانے میں گوشت کی فراہمی بند کی جا رہی ہے۔
جون 2021 میں لبنان کی فوج نے مالی بحران میں کمی کے لیے سیاحوں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس چلانے کا اعلان کیا تھا۔